نئی دہلی// مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کورونا کے قہر کو دیکھتے ہوئے ممکنہ طور پر 24 اپریل سے شروع ہونے والے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ہندوستانی مسلمانوں سے لاک ڈاو¿ن کی ہدایات اور سماجی فاصلے قائم رکھنے پر پوری ایمانداری سے عمل کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں ہی عبادت کرنے کی درخواست کی ہے۔
ریاستوں کے وقف بورڈوں کی ریگولیٹری باڈی ،مرکزی وقف کونسل کے چیرمین نقوی نے بتایا کہ ریاستوں کے مختلف وقف بورڈوں کے تحت ملک بھر میں 7 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ مساجد،درگاہیں، امام باڑے، عید گاہیں اور دیگر مذہبی ادارے آتے ہیں۔
انہوں نے مختلف رہنماوں، سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں، ریاستی وقف بورڈ کے حکام،عہدیداروں سے بات کرنے کے بعد ان سے اپیل کی ، کہ مذہبی، سماجی اور مذہبی رہنما اس بات کو یقینی بنائیں کہ رمضان کے مہینے میں مساجد اور دیگر مذہبی مقامات کے بجائے لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی مذہبی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔