سرینگر//جمعیت اہلحدیث صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کی یکجہتی کا عظیم موقع ہے ۔جمعیت کے مطابق لوگوں کا افطار کے موقع پر مل بیٹھنے سے آپسی کدورتیں اور نفرتیں دور کرنے میں اخوت اور بھائی چارہ پروان چڑھتا ہے لیکن ہمیںایسی صورتحال سے گذارا جارہا ہے کہ ہمیںافطار کے موقعہ پر بھی کسی نوجوان کے اغوایا قتل ناحق کی خبر پہنچنے کا اندیشہ رہتا ہے ۔ پروفیسر بٹ پرے پورہ سرینگر میں افطار پارٹی پر جموںوکشمیر اور لداخ سے آئے ہوئے قریب پانچ سو افرادسے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ وادی کے لوگوں کو جبر واستبداد کا شکار بنانے کا عمل عارضی طور پر منسوخ کرنے سے بات نہیں بنے گی بلکہ نوشتہ دیوار یہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور دیر پا حل تلاش کیا جائے۔ اس موقع پر پارٹی سے وابستہ وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے مندوبین ، ذمہ داران ائمہ مساجد ، خطباء کرام ، سماجی شخصیات اور کئی سرکردہ دانشوروں سے جمعیت کے ناظم اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزوں سے مسلمانوں کی طاقت میںکسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ مہینہ مسلمانوں کی طاقت اور روحانی غذا کا اصل سرچشمہ ہے۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ ائمہ کرام وخطباء قوم وملت کی امانت ہیں قوم کو ان سے حسن ظن ہے ، لہٰذا خطباء کو لوگوں میں مذہبی منافرت پھیلانے سے باز رہنا چاہئے اور امن وآشنی اور اتحاد واتفاق کا پیغام عام کرنا چاہئے۔