سرینگر//ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہر سرینگر سمیت وادی کے تمام اضلاع اور قصبوں کے بازاروں میں مختلف اقسام کی کھجوریں بازاروں میں سجنی شروع ہوئیں اور لوگوں افطاری کیلئے کھجور خرید رہے ہیں ۔ گزشتہ برس کوروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے کھجوروں کے کاروبار کرنے والے تاجروں کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا تھا کیوںکہ لاک ڈاون سے قبل انہوںنے کھجوریں منگوائی تھیں جو گوداموں اور دکانوں میں سڑگئیں۔اگرچہ امسال اگرچہ پھر سے وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے تاہم بازاروں میں کام کاج معمول کے مطابق ہورہا ہے جس پر تاجروں اورلوگوںنے اطمینان کااظہار کیا ۔ماہ مبارک میں وادی کشمیر کے تمام دیہی اور شہری علاقوں میں لوگ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ صیام کی تیاریاں شروع کرتے ہیں اور پورے مہینے روزہ رکھتے ہیں ۔ اس سلسلے میں افطاری کے وقت کھجوروں کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے پیش نظر لوگ بازاروں سے کھجور بڑے شوق سے خریدتے ہیں ۔شہر کے مختلف بازاروں میں کل دن بھر لوگوں کو کھجوروں کی مختلف اقسام کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا ۔ککر بازار ،مہاراجہ بازار ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ،بٹہ مالوکے ساتھ ساتھ سول لائنز کے دیگر بازاروں اور پائین شہر میں بھی دکانوں پر مختلف ممالک کے کھجور دستیاب ہیں اور لوگ بڑے شوق سے ان کھجوروں کو خرید رہے ہیں ۔