سرینگر//ا نجمن نصرۃ الاسلام کے سربراہ اور حریت (ع)کے چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے وادی کے ایک مشہورماہر تعلیم اور دیرینہ تعلیمی ادارے انجمن نصرۃ الاسلام کے زبردست بہی خواہ محمد امین چستی کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں میرواعظ نے مرحوم محمد امین چستی کی انجمن نصرۃ الاسلام اور اسلامیہ ہائی اسکول کے تئیں ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ مرحوم جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے کی یاد میں اسلامیہ ہائی سکول راجوری کدل میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے جنرل سکریٹری ، اسکول کے پرنسپل اور اسٹاف ممبران نے شرکت کی میں مرحوم کو ان کی کشمیر میں تعلیمی خدمات اور انجمن نصرۃ الاسلام کی تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ان کی شاندار کاوشوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔اجلاس میں مرحوم کی ادارے کے تئیں خدمات خاص طور پر اسلامیہ ہائی اسکول کے ذہین اور قابل طلبہ کے حق میں اسکالرشپ کے اجراء کو ایک قابل فخر اقدام کے طور پر یاد کیا گیا۔ اس موقعے پر مرحوم کے والد مرحوم سعدالدین چستی جو تادم آخر اسلامیہ ہائی اسکول کے ساتھ بحیثیت ایک ممتاز استاد منسلک رہے کی شاندار خدمات کو یاد کیا گیا ۔ تعزیتی اجلاس میں مرحوم محمد امین چستی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ایصال ثواب کیاگیا۔