ظفر اقبال
اوڑی//سب ضلع ہسپتال (ایس ڈی ایچ ) اوڑی میں تعینات ایک ماہر امراض اطفال کے مستعفی ہونے کے بعد ایک ہفتہ سے قصبے میں مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے ہسپتال میں بچوں کے علاج کیلئے ایک ڈاکٹر موجود تھا اور ہمارے بچوں کا اچھی طرح سے علاج ہوتا تھا لیکن اب مذکورہ ڈاکٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو بارہمولہ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں کم از کم بچوں کے علاج کیلئے دوڈاکٹروں کو تعینات کیا جانا چاہئے کیونکہ یہ ہسپتال اوڑی کے دو تحاصیل کی ایک بڑی آبادی کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ ایک مقامی باشندہ محمد اشرف نے بتایا ’’ہمیں اپنے بچوں کے علاج کیلئے بارہمولہ جانا پڑتا ہے‘‘۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سب ضلع ہسپتال میں ایک کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن کی ایک اسامی گزشتہ ایک سال سے خالی پڑی ہے۔مقامی آبادی نے وزیر صحت سکینہ ایتو سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔