سرینگر//شارٹ سائٹ گروپ آف ہوسپٹلز کی جانب سے سوموار کو چھانہ پورہ سرینگر میں آنکھوں کے مخصوص اسپتال آرٹ آئی کیئر اسپتال کا افتتاح کیا گیا جبکہ افتتاحی تقریب میں بیرون ریاست سے آئے ڈاکٹروں کی ٹیم، شارٹ سائٹ گروپ کے اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ مریضوں کی ایک خاصی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب میں سارٹ سائٹ گروپ کے ماہرین امراض چشم نے وادی میں پیلٹ کے استعمال پر پابندی کی حمایت کاا علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیلٹ متاثرین کیلئے بینائی واپس حاصل کرنا کافی مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں اوپی ڈی کے پہلے دن 200مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں پیلٹ سے متاثر ہ تین نوجوان بھی شامل ہیں۔ شارٹ سائٹ گروپ آف ہوسپٹلز کے ڈائریکٹر سمیر سود نے کہا ’’ہمیں یہ محسوس ہوا کہ وادی میں آنکھوں کیلئے مخصوص ایک اسپتال کی اشد ضرورت ہے جو مریضوں کو اعلیٰ اور معیاری علاج فراہم کرے کیونکہ کئی مریضوں کو علاج و معالے کیلئے بیرون ریاست کا سفر کرنا پڑتا تھا جو انکے کیلئے کافی پریشانی کا سبب بنتا ہے۔ آنکھوں کے معروف معالج اور شارپ سائٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کمل بی کپور نے کہا کہ ہمارا مقصد کشمیر میں لوگوں کو بہتر طبی نگہداشت کے علاوہ نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال نے پہلے مہینے تمام مریضوں کو مفت علاج و معالجہ فراہم کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر کمل نے کہا کہ پیلٹ سے متاثرہ آفراد کی آنکھوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور اس لئے ایسے نوجوانوں کی آنکھوں کی بینائی واپس لوٹنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ سے متاثرین کی آنکھ کی پتلی(Ratina) اور بصری اعصاب(Optic Nerve) کو کافی نقصان پہنچتا ہے اور متاثرہ نوجوانوں کی روشنی بحال کرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ سائٹ گروپ آف ہوسپٹلز سرینگر میں بہت جلد کورنیا کی تبدیلی کی سہولیات بھی شروع کرنے جارہا ہے ۔ڈاکٹر کمل نے کہا کہ پہلے روز دیکھے گئے 200مریضوں میں سے 100مریض ایسے تھے جنکی آنکھیں شوگر کی وجہ سے آہستہ آہستہ متاثر ہوئی تھیں۔