عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی شعبہ ہسٹری میں ایم اے کے کورس میں داخلوں کا عمل جاری ہے۔ ایم اے ہسٹری میں 30 نشستیں ہیں۔ جن میں داخلہ لینے کے لیے طالب علم کا گریجویشن پاس ہونا ضروری ہے اور داخلے گریجویشن میں مارکس کی بنیادوں پر (میرٹ پر) دیئے جائیں گے۔شعبہ ہسٹری کے صدرپروفیسر رفیع اللہ اعظمی کا کہنا ہے کہ ہسٹری شعبہ کے سبھی اساتذہ تجربہ کار اور ملک کے مختلف جامعات سے اعلیٰ سند یافتہ ہیں۔ جنہیں تدریس و تحقیق میں کافی طویل تجربہ حاصل ہے۔ پروفیسر اعظمی کے مطابق مانو کے ہسٹری شعبہ میں خاص طور پر دکن کی تاریخ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کیلئے زائد از نصابی سرگرمیاں، سمینار، سمپوزیم اور خصوصی لیکچر بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔