بڈگام//مال ، امداد بازا ٓباد کار ی کے وزیر عبدالرحمان ویری نے مال محکمہ کے کام کاج میں شفافیت برقرار رکھنے اور لوگوں کو بہتر سہولیات دستیاب کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر موصوف بڈگام میں آل جے اینڈ کے پٹواری ایسو سی ایشن کی طرف سے منعقد کئے گئے یوم مہجو ر کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس تقریب میں ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،ڈی سی بڈگام محمد ہارون ملک ، صدر کے اے ایس آفیسرس ایسو سی ایشن تصدق حسین میر ، ایس ایس پی بڈگام ، سی ایم او بڈگام ، معروف براڈکاسٹر ابدال مہجور اور کئی دیگر افسران بھی موجو دتھے۔پٹواری ایسو سی ایشن نے اس موقعہ پر خون کے عطیے کے ایک کیمپ کا بھی انعقاد کیا۔ ویری نے پٹواریوں کو مال محکمہ اور عوام کے درمیان ایک اہم کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں کے کام کاج کے تئیں عوامی تاثر کو تبد یل کرنے کے لئے کئی اصلاحاتی اقدامات کئے جارہے ہیںَانہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنے موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے پٹواریوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود رہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہر ایک پٹواری سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں پانچ مرلہ اراضی کی نشاندہی کر یں تاکہ پٹواریوں کے لئے دفاتر قائم کئے جاسکیں۔وزیر نے مہجور کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیشے سے پٹواری تھے لیکن انہوں نے شاعری میں بھی اپنا نام کمایا۔انہوںنے کہا کہ مہجور آج کل کے تمام پٹواریوں کے لئے مشعل راہ ہے۔اے آر ویری نے اس موقعہ پر آل جے اینڈ کے پٹواری ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا ۔انہوں نے پٹواریوں سے کہا کہ وہ لوگوں کو مقرر مدت کے اندر مختلف قسم کے دستاویزات جاری کریں۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر نے پٹواریوں سے کہا کہ یوم مہجور منانے سے انہیں خود احتسابی کا ایک موقعہ فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے ڈی ایل آر ایم پی کی عمل آوری میں پٹواریوں کے رول کو بھی اُجاگر کیا۔