بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے مالی سال 2024-25کیلئے آمدنی اور کیپکس بجٹ میںمالی نظم و ضبط کو مضبوط کرنے اور شفافیت بڑھانے کیلئے سخت نئے رہنما اصول جاری کیے ہیں۔محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکریٹری سنتوش ڈی وادھیا کا کہنا ہے کہ اہم پہلوؤں میں غیر ترقیاتی اخراجات کو معقول بنانا شامل ہے تاکہ وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔۔ بجلی اور پانی کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو ترجیح دی گئی ہے اور خریداری کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ای,ٹینڈرننگ اور حکومت ای،مارکیٹ پلیس (جیم)پورٹل کی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔حکم میں عارضی یا ضرورت کی بنیاد پر ملازمین کی بھرتی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماضی کی آمدنی کے وصولیوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور بقایا واجبات کی وصولی کے لیے سخت اقدامات کریں۔ مالی شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے لیے، محکموں کو ہر ماہ آمدنی کے حصول اور اخراجات کی رپورٹیں جمع کرانی ہوں گی۔ فلاحی اسکیموں کے تحت فنڈز کی تقسیم براہ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے کی جائے گی تاکہ فنڈز کی صحیح اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے، تاکہ فنڈز کو عارضی طور پر روکنے یا غیر ضروری واگزاری کو روکا جا سکے اور قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔حکم میں نتیجہ پر مبنی اخراجات پر زور دیا گیا ہے اور محکموں کو تنخواہوں، اجرتوں، اعزازیہ، اور اسکالرشپ کے اخراجات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ فنڈز کا درست استعمال ہو سکے۔کیپکس بجٹ کے لیے، حکومت نے سخت رہنما اصول جاری کیے ہیں۔ منظور شدہ بجٹ کا صرف 80فیصد، بشمول ضلع سطح کی تقسیم، جاری کرنے کی اجازت ہے، جبکہ زمین کی خریداری، جنگلات کی تلافی، اور اشیاء کی منتقلی کے لیے 100فیصد فنڈنگ کی اجازت دی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ نے ہدایت دی ہے کہ تخمینہ مختص انتظامی نظام(بیمس)پورٹل کے مطابق تمام فنڈز کا انتظام کیا جائے گا، اور محکمے اور ضلعی انتظامیہ کو تفصیلی طور پر کاموں کے منصوبوں کو منظور کے لیے اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ سرکار کا کہنا ہے کہ جاری اور نئے پروجیکٹوںکی تکمیل کو ترجیح دی جائے گی ، تاکہ فنڈز کا مؤثر طریقے سے استعمال ہو سکے اور فضول خرچی سے بچا جا سکے۔