سرینگر//سرمائی دارالحکو مت جموں میں2جنوری سے40دنوں تک جاری رہنے والے سرمائی بجٹ اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی ے سپیکر نے عبوری کلینڈر جاری کیا،جس کے تحت5سے8فروری تک ممبران کی بلیں اور قراردادیں زیر بحث لائی جائے گی۔ ریاستی کابینہ کی طرف سے ہری جھنڈی دکھانے کے بعد ریاستی گورنر نے آئندہ مالی سال کے بجٹ اجلاس کو منظوری دی تھی،جبکہ ریاستی اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے2جنوری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کا عبوری کلینڈر جاری کیا۔اسمبلی ذرائع کے مطابق40دنوں تک جاری رہنے والا بجٹ اجلاس10فروری کو اختتام پذیر ہوگا،جبکہ مجموعی طور پر13دنوں میں تعطیل ہوگی۔ بجٹ اجلاس کا آغاز2جنوری کو ریاستی گورنر کے قانون سازیہ کے ممبران سے مشترکہ خطبے سے ہوگی،جبکہ9 اور10جنوری کوجنوری کو گورنر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک ہوگی۔ عبوری کلینڈر کے مطابق11جنوری کو ریاستی وزیر خزانہ سال2018-19کا مالی بجٹ پیش کریں گے جبکہ12جنوری کے علاوہ15اور16 جنوری کو بجٹ پر بحث ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ17جنوری سے یکم فروری تک دیگر محکموں کے وزراء اپنے اپنے محکموں کے مطالبات زر پیش کریں گے۔ کلینڈر کے مطابق5اور7فروری کو ممبران اسمبلی کی نجی بلوں کو پیش کیا جائے گا،جبکہ6اور8فروری کو ممبران کی قراردادوں کو زیر بحث لایا جائے گا۔اسمبلی ذرائع کے مطابق مجموعی طور پربجٹ اجلاس کے27ایام کار ہونگے،جن میں بیشتر ایام میں دہری اجلاس منعقد ہونگے۔ ریاستی اسمبلی کے سپیکر نے اس سلسلے میں پہلی ہی ایک نوٹفکیشن جاری کی تھی،جس میں ممبران اسمبلی سے10 ستارہ و 10غیر ستارہ سوالات 20دسمبر تک طلب کیں تھے۔مذکورہ نوٹفکیشن میں خواہشمند ممبران اسمبلی کو اسی تاریخ تک4پرائیوٹ ممبران بل اور اسی تعداد میں قراردادیں جمع کرنے کیلئے بھی کہا گیا تھا۔