عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے بدھ کو ضلع سرینگر میں متعدد مقامات پر ایف آئی آر نمبر 11/2025 کے سیکشن420، 467، 468، 471،120-B آئی پی سی کے سلسلے میں تلاشی لی۔بیان کے مطابق کرائم برانچ کشمیر کو ایک آن لائن شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ شکایت کنندہ کو2 جعلسازوں نے دھوکہ دیا ہے جن میں ماجد نذیر نجار ولد نذیر احمد نجار ساکن بٹہ مالو اور مبارک احمد راتھر ولد نثار احمد راتھر، نے سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ آدرش کوآپریٹو سوسائٹی، ایس بی آئی لائف انشورنس اور ایچ ڈی ایف سی انشورنس کمپنیاں نے شکایت کنندہ کو ڈیپازٹ سرٹیفکیٹ فراہم کئے۔تاہم تفتیش کے دوران سرٹیفکیٹ جعلی اور نقلی پائے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے خود کو مختلف مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے مجاز نمائندوں اور ایجنٹوں کے طور پر پیش کیا اور شکایت کنندہ کو مختلف ڈیپازٹ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا۔کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے مزیدکہاکہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور دوران تفتیش شواہد نے دونوں ملزمان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی۔بیان میں لکھا گیا ہے کہ دونوں افراد کو مزید تفتیش کے لیے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں پہلے ہی گرفتار کئے گئے ملزمان کے متعدد مقامات پر گھروں کی تلاشی جاری تفتیش کا حصہ ہے۔