لاہور //پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریا نے دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیاں بھلا کر آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسائیوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اجے بساریا نے لاہور چیمبر آف کامرس میں خطاب میں کہا کہ 70 سال سے اپنائی گئی پالیسی سے کسی کو فائدہ نہیں، اب نوجوانوں کے بھارت اور پاکستان کو آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں باہمی تجارت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، تمام مشکلات کے باوجود تجارت بڑھانے پر بات کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کو ٹرانزٹ اور روابط کو بہتر کرنا چاہیے۔بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ویزا کے حوالے سے کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔اپنے خطاب میں اجے بساریا کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے لیکن جب حقیقت سے ہٹ کر رپورٹنگ کی جاتی ہے تو مسائل بڑھتے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان پانی کے تنازع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے مابین بھارت میں بات چیت ہو رہی ہے۔پاکستانی سفارت کاروں کو بھارت میں ہراساں کرنے کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔