سرینگر//ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر تصدق جیلانی نے ماسکو میں مرکزی وزارت سیاحت کی طرف سے منعقدہ ٹریول اینڈ ٹورازم شوز کے دوران جموں وکشمیرکے سیاحتی وسائل کے حوالے سے ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی۔ان سیاحتی شوز میں روس کے مختلف علاقوں اور بھارت سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں ٹریول ایجنٹوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر دیگر افسروں کے علاوہ سیاحتی کے مرکزی وزیر ڈی بی وینکٹیش ورما، ماسکو میں بھارت کے سفیر جی بالا سبھرامنیم اور ماسکو میں بھارتی سفارتخانہ کے ڈی سی ایم نے بھی ٹریول شوز میں شرکت کی۔ناظم سیاحت نے اس موقعہ پر ریاست کے تینوں خطوں کی عکاسی کرنے والی شارٹ فلموں کی سکریننگ کی۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی ثقافت، آرٹ ،قدرتی خوبصورتی اور دستکاری سے متعلق ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن بھی دی تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو وادی کی سیر کی جانب راغب کیا جاسکے۔انہوں نے ذاتی طور پر کئی معروف ٹریول ایجنٹوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کے سیاحتی وسائل کو فروغ دینے میں اپنا رول ادا کریں۔سینٹ پیٹرس برگ سے فون پر بات کرتے ہوئے تصدق جیلانی نے کہا کہ جن ٹریول ایجنٹوں نے پہلے اپنے شہریوں کو جموں وکشمیر بھیجا ہے انہوں نے ریاست جموں وکشمیر کی خوبصورتی کی کافی تعریف کی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ سیاحت نے ملک اور بیرون ملک ایک وسیع تشہیری مہم شروع کی ہے تا کہ ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں جموں وکشمیر کی سیاحت کی جانب راغب کیا جاسکے۔