سرینگر//ریلوے پولیس نے ریلوے اسٹیشن مازہامہ پر ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران دو سگے بھائیوں کو 500کے پرانے نوٹوں پر مشتمل37لاکھ20ہزار روپے سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی صبح ریلوے اسٹیشن مازہامہ پر تعینات ریلوے پولیس سے وابستہ اہلکاروںنے دو مسافروں کو مشکوک حالت میں دیکھتے ہوئے انہیں روک لیا۔ دونوں مسافر ریل گاڑی میں سوار ہونے جارہے تھے اور جب ان کے سامان کی تلاشی لی گئی تو ان کی تحویل سے 500کے پرانے منسوخ شدہ کرنسی نوٹوں پر مشتمل 3720000روپے کی رقم برآمد کی گئی۔چنانچہ دونوں کو فوری طور حراست میں لیکر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان سگے بھائی نکلے اور ان کی شناخت فاروق احمد لبرو اور محمد شفیع لبرو پسران عبدالرحمان ساکنان سمبل بانڈی پورہ کے بطور کی گئی۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دونوں بھائی یہ رقم کس مقصد سے اور کہاں لیکر جارہے تھے؟تاہم ان کے خلاف کیس رجسٹر کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔