سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے بدھل سب ڈویڑژن کے مارگ ٹاپ علاقے میں واقع گگروٹ کی اونچی پہاڑیوں پر ہفتہ کے روز آسمانی بجلی گرنے کا ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں 100 سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ یہ جانور نو خانہ بدوش خاندانوں کی ملکیت تھے جو موسمی نقل مکانی کے دوران اپنے عارضی خیمہ جات میں مقیم تھے۔یہ خانہ بدوش خاندان ترگائیں گاؤں، بدھل سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ وہ اپنے مویشیوں سمیت گرمیوں کے موسم میں مارگ ڈھوک علاقے میں مقیم تھے۔ آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری نے ان کے خیموں کو گھیر لیا اور چند ہی لمحوں میں ان کی محنت کی کمائی تباہ ہو گئی۔متاثرہ افراد جن میں محمد اشرف، صدام حسین، مکھن دین، محمد فاروق، اعجاز احمد، فخر دین، جاوید اقبال اور محمد عارف شامل ہیں، نے اپنی تباہی کا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے سالوں کی محنت سے یہ جانور پالے تھے، اب ہمارے پاس کچھ نہیں بچا، فاقہ کشی کا خطرہ ہے‘‘۔شیپ ہسبنڈری محکمہ بدھل کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ فلوک سپروائزر شہباز قمر اور اسسٹنٹ اسٹاک مین لال حسین نے تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے تاکہ متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے۔متاثرہ خاندانوں نے جموں و کشمیر حکومت اور راجوری انتظامیہ سے فوری مالی امداد، معاوضہ اور باز آبادکاری کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’’اگر فوری مدد نہ ملی تو ہماری بقا خطرے میں پڑ جائے گی‘‘۔