بانہال// محکمہ لوکل باڈیزجموں کی طرف سے میونسپلٹی کمیٹی حدود بانہال میں پروٹیکشن کے نام پر تعمیر کی جا رہی دیواریں مبینہ رقومات نکالنے کے خاطر غیر ضروری و غیر محفوظ مقامات پر تعمیر کی جا رہی ہیں ۔ محکمہ کے ملازمین اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کی وجہ سے ضرورت کی جگہوں کو چھوڑ کر میونسپلٹی کمیٹی بانہال کے کئی واڑوں میں بیچ نالوں کے علاوہ منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے کئی جگہوں پر یہ پروٹیکشن اور حفاظت کی دیواریںتعمیر کی جا رہی ہیں ۔ مقامی لوگوں کے ایک وفد نے بتایا کہ بیچ نالوں میں یہ دیواریں تعمیر کر نے کا مقصد صرف بلوں کی صورت میں رقومات کو نکلنا مطلوب ہے جبکہ یہ دیواریں کسی بھی وقت ان نالوں میں پانی کی نظر ہو جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کا مہینہ شروع ہوتے ہی کئی جگہوں پر یہ دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں پر ان کی ضرورت نہیں یا پھر منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے یہ تعمیر کی جا رہی ہیں ۔ کئی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ خراب موسم کے دوران اگر چہ ان کے مکانوں اور زمینوں کے اراد گرد دیواریں نکل گئی ہیں اور انہیں تعمیر کر نے کے بجائے کئی ایسی جگہوں پر دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں پر ان کے تعمیر کا رقومات نکالنے کے علاوہ اور کوئی بھی مقصد نہیں ۔ انہوں نے الزم لگایا ہے کہ محکمہ لوکل باڈئز کے انجینئر اور ملازمین و کئی ٹھیکداروں کی ملی بھگت اور سیاسی اثر رسوخ کی بنا پر منظور نظر افراد کو لوکل باڈئیز کی طرف سے فائدہ پہنچایا جارہا ہے اور بیشترعام ومستحق لوگوں کے علاوہ ضرورت کی جگہوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے حکام سے اس سلسلے میں تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ عوامی پیسہ کو صیح جگہ اور ٹھیک ڈھنگ سے استعمال ممکن ہو اور عوام لوگوں کو بھی کا فائدہ مل سکے ۔اس کے علاوہ خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر نے والے بانہال میونسپلٹی کی حدود میں رہنے والے درجنوں لوگوں سے بیت الخلاء تعمیر کر نے کے لئے محکمہ لوکل باڈئیز کی طرف سے پیشگی بارہ بارہ سو روپئے فی کنبہ سنہ 2010 عیسوی میں لے گئے ہیں اور سات سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی ان لوگوں کو محکمہ کی طرف سے وہ باتھ روم منظور نہیں کئے گئے ہیں ۔ ان لوگوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے بہت مشکل سے پیسے کا انتظام کر کے محکمہ کے پاس یہ رقم باتھ روم بنانے کیلئے جمع کرائی تھی اور تاحال نہ ہی ان لوگوں کے باتھ روم تعمیر کرائے گئے ہیں اور نا ہی انہیں جمع کی گئی رقم واپس کی گئی ہے ۔