محمد تسکین
بانہال// جموں سری نگر قومی شاہراہ چند روز تک جزوی طور بحال رہنے کے بعد اتوار کی رات ایک بار پھر ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے ۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ اتوار کی رات تقریباً 9:15 بجے رام بن کے ماروگ کے قریب ہائی وے کا ایک حصہ دھنس گیا اور تقریبا سو میٹر حصہ سڑک کا چناب میں جاگرا جس کے نتیجہ میںٹریفک میں خلل پڑا۔پی سی یو ٹریفک نے بتایا کہ رام بن میں ماروگ میں ہائی وے بلاک ہونے کے بعد مختلف مقامات پر دونوں طرف کی ٹریفک روک دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد علاقے میں دراڑیں پڑ گئی تھیں اور اب یہ حصہ دھنس گیا ہے جس سے ٹریفک کو روکنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور ماروگ رام بن میں مشینری کام پر ہے تاہم جانکار حلقوں کے مطابق شاہراہ کی فوری بحالی ممکن نہیںہے اور اس کی بحالی میں بہت وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ایک بڑا حصہ دھنس چکا ہے اور اب پہاڑی کاٹ کر ہی سڑک نکالنی ہے جس میں وقت درکار ہے۔انہوںنے کہا کہ کل ہی شاہراہ کی بحالی ممکن ہے اور وہ بھی یکطرفہ طور ٹریفک چلانے کے قابل بنائی جاسکتی ہے جبکہ اس مقام پر شاہراہ کو دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے میں خاصا وقت درکار ہے۔