اسلام آباد (اننت ناگ )//میر واعظ کشمیر قاضی احمد یاسر نے لتر پلوامہ میں نثار احمداور گلزاراحمدکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک جلوس نکالا جس میںامت اسلامی کے مولانا ارشاد عطاری، وحید احمد خان اور بلال احمد میر کے علاوہ عوام نے شرکت کی ۔جلوس میں شامل لوگ اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔جلوس سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ قاضی احمد یاسر نے نثاراحمداور گلزار احمدکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔بات چیت کیلئے مذاکراتکار دینشور شرما کے تعین پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو سیاسی مذاکرات کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے ایک سراغ رساں ادارے کے سابق سربراہ کا تقرر ہندوستان کی غیر سنجیدگی کا غماز ہے۔انہوں نے کہا ہر کشمیری امن و خوشحالی کا خواہاں ہے لیکن امن اور جنگ ایک ساتھ نہیں چل سکتے،بھارت نے کشمیریوں کیخلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے تو وہ امن کی توقع کیونکرکریں؟ میرواعظ قاضی یاسرنے مذاکراتی عمل کی شروعات کیلئے ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، مسرت عالم سمیت تمام سیاسی محبوسین کی رہائی اور افسپا کا غیر مشروط ہٹانالازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کشمیری مارے جارہے ہیں، جیلوں میں محصور ہوں تو بات چیت کرنا مضحکہ خیز ہے۔