سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے پالیتھین اور اس سے منسلک مصنوعات کے استعمال پر عائد پابندی کی موثر عمل آوری کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ یہاں طلب کی گئی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے جو پالیتھین کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات پر غور و خوض کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ میٹنگ میں وزیر برائے دیہی ترقی عبدالحق خان بھی موجود تھے ۔ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ، ڈپٹی کمشنراں ، ناظمِ بلدیات ، وائس چئیر مین لاوڈا ، ایس ڈی اے ، کمشنر ایس ایم سی اور دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے نازک ماحولیات کو قایم رکھنے کیلئے پالیتھین پر عائد پابندی کو من و عن عمل میں لانا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم ہند کی جانب سے شرو ع کئے گئے سوچھتا مہم سے ہمارے دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوئی اور پالیتھین پر عائد پابندی کو اسی پروگرام کے تحت عمل میں لایا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں اجتماعی طور کوشاں رہنا ہو گا ۔وزیر برائے دیہی ترقی عبدالحق نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع افسران اور ضلع پنچائت افسران کو پالیتھین پر عائد پابندی کو موثر طور عمل میں لانے کی پہلے ہی ہدایات دی جا چکی ہیں ۔