مہا راشٹر//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے مہا راشٹر میں منعقدہ یو این انوائرنمنٹ۔ سینچوری نیچر فاؤنڈیشن میٹ میں حصہ لیا۔یہ میٹ ٹاڈوبا وائلڈ لائف ٹائیگر سینچوری میں 20 سے 22 فروری2018 تک منعقد ہوئی ۔ اس میٹ کا مقصد سیاحت کو روز گار پیدا کرنے کا ایک وسیلہ بنانا تھا۔تصدق مفتی نے کہا کہ پچھلی چند دہائیوں کے دوران ریاست جموں وکشمیر نے ماحولیات کے سلسلے میں زبردست تباہی کا منظر دیکھا ہے جن میں ریاست کی جھیلیں، دریا اور سرسبز میدان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے متعدد علاقوں میں پختہ عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جنہیں سیوریج اور ویسٹ منیجمنٹ جیسی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔وزیر سیاحت نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں پھر سے جنگلات کے تحفظ، دریاؤں، پہاڑوں اور جھیلوں کو اپنی اصلی حالت میں واپس لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے تا کہ مقامی لوگوں کے علاوہ بیرون ریاست و بیرون ملک کے سیاحوں کو جموں وکشمیر کی جانب راغب کیا جاسکے۔اس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری مہاراشٹر پروین پردیسی، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر محمود شاہ، ریجنل وائلڈ لائف وارڈن کشمیر رشید وائی نقاش کے علاوہ وائلڈ لائف انسٹی چیوٹ آف انڈیا کے نمائندے بلال حبیب بھی موجود تھے۔