عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک طرف جہاں پرائیویٹ سیکٹر جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی کی طرف سے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر عائد کیے جانے والے ماحولیاتی معاوضے کی ادائیگی کر رہا ہے، وہیں اربن لوکل باڈیز اور دیگر ایجنسیاں اس پر سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ نیشنل گرین ٹربیونل کی واضح ہدایات کے پیچھے اس طرح کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد ناکام ہو رہا ہے۔سپریم کورٹ نے 22 فروری 2017 کوماحولیاتی تحفظات کمیٹی بمقابلہ یونین آف انڈیا میں حکم دیا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے معاملے کی نیشنل گرین ٹریبونل نگرانی کی جائے۔ اسی مناسبت سے، ٹربیونل نے ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (ETPs)، کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (CETPs) اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (STPs) کے قیام اور کام سے متعلق معاملے کو دیکھنا شروع کیا تاکہ ماحول کی آلودگی کو روکا جا سکے۔ نیشنل گرین ٹربیونل نے ‘پولٹر پیس پرنسپل’ کے تحت ماحولیاتی جرمانہ لگانے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد ماحولیات پر منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کرنے کے لیے فنڈز پیدا کرنا ہے۔ ٹربیونل نے یہاں تک کہ فضلے، میونسپل سالڈ ویسٹ اور سیوریج وغیرہ کے ذریعے ماحول کو آلودہ کرنے کے لیے جرمانے پر کام کرنے کے لیے فارمولے بھی تیار کیے ہیں۔سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ نے آلودگی پھیلانے والے ڈیفالٹروں سے ماحولیاتی معاوضہ وصول کرنے کے لیے رہنما خطوط تیار کیے ہیں۔ نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات کی تعمیل میں، جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی نے صنعتی اکائیوں، نجی اور سرکاری دونوں شعبوں میںصحت کے اداروں اور اربن لوکل باڈیز،میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوںکے علاوہ ترقیاتی اتھارٹیز بشمول ایجنسیاں جو سڑکوں کے پروجیکٹوں کی تعمیر میں شامل ہیں، ٹریبونل کے طے کردہ معیارات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اور سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے رہنما خطوط کی روشنی میں ماحولیاتی جرمانہ عائد کرنا شروع کر دیا۔ ماحولیاتی قوانین کی تقریباً تمام نجی شعبے کی خلاف ورزی کرنے والوں نے آلودگی کنٹرول کمیٹی کو ماحولیاتی معاوضہ ادا کر دیا ہے، شہری بلدیاتی ادارے، سرکاری ہسپتال اور ترقیاتی اتھارٹیز کسی نہ کسی بہانے سست روی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔