عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیرانشل گرگ نے محکمہ جنگلی حیات سے کہا ہے کہ وہ کشمیرمیں پائے جانے والے ’ہانگل ‘ کی افزائش نسل کوبڑھانے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے یہاں داچھی گام نیشنل پارک، تھاجواس (بالتل) وائلڈ لائف سینکچری اور اوورہ آرو وائلڈ لائف سینکچری کے سلسلے میں ’ایکو سینسیٹو زون نوٹیفکیشن پر عمل درآمد‘ کیلئے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی معاملات کو وقت پر طے کیے بغیرکسی تاخیرکے نمٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معینہ مدت تک مسائل کے التوا سے عوام کو تکلیف ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ، پلوامہ، گاندربل نے شرکت کی۔میٹنگ میں محکمہ وائلڈ لائف نے وائلڈ لائف سینکچوریز، نیشنل پارکس اور محفوظ علاقوں اور اس کے علاوہ ایکو سینسیٹو زون کے دائرے میں بھی میں پائے جانے والے حیوانات کی تفصیلات اور ڈیٹا پیش کیا ۔اجلاس میں اجازت دینے کیلئے پیش کیے گئے انفرادی کیسز اورمتعلقہ محکموں کی طرف سے اجازت جاری کرنے یا مسترد کرنے کے فیصلوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے ایک کیس میں کارروائی کی ہدایت کی جس میں درخواست گزار نے بغیر اجازت کے پہلے ہی ڈھانچہ بنا رکھا ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمے کو ایکو سینسیٹو زون کے گرین کوریڈور کا نقشہ دو ماہ کے اندر تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ کشمیر سٹیگ (ہنگول) کی تعداد بڑھانے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کرے تاکہ اسے انتہائی خطرے سے دوچار جانوروں کی موجودہ فہرست سے نکالا جا سکے۔