عظمیٰ نیوز سروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے کل صنعت و تجارت ( آئی اینڈ سی ) محکمہ کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جموں و کشمیر میں حکومت کے زیر اہتمام ایم ایس ایم ای پرفارمنس ( آر اے ایم پی ) اسکیم کے نفاذ کیلئے وضع کردہ منصوبے کا جائیزہ لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کیلئے منظور شدہ اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان ( ایس آئی پی ) اور محکمہ کی جانب سے یہاں کامیابی سے نافذ کرنے کیلئے وضع کردہ روڈ میپ کا نوٹس لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمت عملی کا انتخاب اس اسکیم کے نتائج پر براہ راست اثر ڈالے گا ۔ انہوں نے ایم ایس ایم ای سیکٹر کیلئے اسکیم کو صحیح معنوں میں جاری رکھنے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا جو جموں و کشمیر کے صنعتی شعبے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ کمشنر سیکرٹری آئی اینڈ سی وکرم جیت سنگھ نے میٹنگ میں اس اسکیم کے نفاذ کی صورتحال کے بارے میں خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد 2027 تک 5 سال کی مدت میں مارکیٹ تک رسائی ، فرم کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور فائنانس تک ان کی رسائی کیلئے تعاون فراہم کرنے کے علاوہ ایم ایس ایم ای پروگرام کے اداروں کو مضبوط بنانا ہے ۔