یو این آئی
بیجاپور//تلنگانہ کے بھدرادری کوٹھاگوڈیم ضلع کے چرلا منڈل میں ما نواز وں کی سرگرمی ایک بار پھر منظر عام پر آئی ہے۔ کوٹھاگوڈیم گائوں کے قریب مرکزی سڑک پر نکسلیوں نے بڑے بڑے بینر اور پوسٹر لگائے ہیں، جن میں 28 جولائی سے 3 اگست تک نکسل ہفتہ کو شاندار طریقے سے منانے کی اپیل کی گئی ہے۔پوسٹروں میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ عوامی تحریکوں کے ذریعے آپریشن کگار کو ناکام بنائیں۔ اس اقدام کو سیکورٹی ایجنسیوں نے نکسلیوں کی حوصلہ افزائی اور دیہی علاقوں میں ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ پولیس نے تمام بینر اور پوسٹر ضبط کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔واقع کا مقام چھتیس گڑھ سرحد سے قریب واقع ہے، اسی لیے بیجاپور، سکما اور دنتے واڑا اضلاع میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ چھتیس گڑھ پولیس اور مرکزی فورسز نے سرحدی علاقوں میں گشت تیز کر دیا ہے۔ جنگلات میں ڈرون سے نگرانی کی جا رہی ہے اور دیہاتوں میں خفیہ نیٹ ورک کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔چھتیس گڑھ کے ایک سینئر پولیس افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ نکسلی اکثر نکسل ہفتے کے دوران بڑی واردات کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور اسے انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پچھلے چند مہینوں میں چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کی سرحد پر کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں، جن میں پی ایل جی اے کے متعدد اراکین مارے جا چکے ہیں۔ ایسے میں نکسل ہفتہ سے قبل چھتیس گڑھ میں سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتنا چاہتی ہیں۔