لیہہ//لداخ خود مختاری ترقیاتی کونسل لیہہ نے سی ای سی ڈاکٹر سونم داوا کی صدارت میں منعقدہ دو روزہ جنرل کونسل میٹنگ کے بعد سالانہ پلان بجٹ کو منظوری دی ہے۔میٹنگ میں امداد باہمی کے وزیر چیرنگ دورجے بھی شرکت کی۔جنرل کونسل میٹنگ بجٹ 2017-18کی منصوبہ سازی کے لئے طلب کی گئی جس کے دوران ایوان میں ایگزیکٹیو کونسلروں نے اپنے ماتحت محکموں کی سکیموں کے لئے سال 2017-18ء کے لئے اپنے منصوبے پیش کئے۔میٹنگ میں ای سی زراعت چیرنگ وانگڈس ، ای سی تعمیرات دورجے موتپ، ای سی پشو پالن و اقلیتی امور ممتاز حسین ، ای سی سیاحت چیرنگ سنگڈب ،ضلع ترقیاتی کمشنر لیہہ پرسنا راما سوامی جی،ایس ایس پی لیہہ اودھے باسکر بلا اور کونسلروں کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہ بھی موجود تھے۔اپنے افتتاحی خطبے میں سی ای سی نے نے ایوان کو جانکاری دی کہ لیہہ ضلع کے لئے پچھلے سال کے 108.84 کروڑ روپے کے کیپکس بجٹ مقابلے میں اس برس 129.48 کروڑ روپے کا بجٹ تیار کیا گیا ہے۔میٹنگ کے آغاز میں سی ای سی نے بجٹ کا 50فیصد حصہ مارچ مہینے میں واگذار کرنے کے لئے حکومت کی پہل پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔ڈاکٹر داوا نے مزید جانکاری دیتے ہوئے لیہہ ہوائی اڈے کے لئے بی اے وائی ٹر مینس کو وسعت دینے کے بارے میں بولتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل میں مزید ہوائی پروازیں لیہہ آسکیں گی اور لوگوں کو راحت ملے گی۔سی ای سی نے ایوان کو جانکاری دی کہ بھارتی ریلوے کے حکام عنقریب لیہہ کا دورہ کرکے لداخ کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے کے لئے ریلوے ٹریک کی تعمیر کا سروے کریں گے۔امدادی باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیر نگ دورجے نے لیہہ ترقیاتی اتھارٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحتی شعبے کے تحت کوئی بھی پروجیکٹ دردست لینے کے دوران کونسل کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ کونسل کو ایل ڈی اے کے تحت رقومات خرچ کرنے کا اختیار ملنا چاہئے۔ای سی زراعت چیرنگ وانگڈس نے زرعی سیکٹر کے تحت لیہہ ضلع میں 561 کرو ڑ روپے کے خصوصی مرکزی سرکار کے پیکیج کو منظوری دینے اور اس میں سے 13لاکھ روپے بطور ٹوکن واگذار کرنے کا خصوصی طور ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس رقم سے خطے میں زراعت ، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں کو فروغ ملے گا۔میٹنگ میں کونسلروں نے مختلف نوعیت کے دیگر کئی معاملات بھی اٹھائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر لیہہ نے میٹنگ کے دوران مختلف سکیموںکی عمل آوری کے بارے میں تکنیکی رائے پیش کی۔ایوان میں حزب اختلاف کے لیڈر اور کونسلر کورزوک جرمٹ دورجے اور دیگر کونسلروں نے میٹنگ کے دوران بولتے مختلف نکات کے تعلق سے اپنی آرأ پیش کرتے ہوئے 2017-18 ء کے سالانہ بجٹ کو نتیجہ خیز اور بامعنی بنانے پر زور دیا۔