۔ 1شدیدزخمی ،حادثہ کی وجہ جاننے کیلئے انکوائری شروع
غلام نبی رینہ
کنگن//لداخ کے لیہہ ضلع میں سنیچر کو فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے 1جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 9 فوجی ہلاک اورایک شدید زخمی ہوگیا ہے۔ فوج کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ سنیچر کی سہ پہر پونے پانچ بجیلیہہ کے نیوما علاقے میں کیاری میں پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ تاہم8 فوجی موقع پر ہی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے تھے۔ افسر نے مزید کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مزید ایک زخمی زخموںکی تاب نہ لاکر چل بسا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوجی کارو چھائونی سے کیاری جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ ایس ایس پی لیہہ پی ڈی نتیا نے لیہہ سے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ یہ گاڑی کارو سے کیاری جاتے ہوئے لیہہ سے6کلومیٹر دور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر 300فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔انہوں نے کہا کہ گاڑی میں کل دس فوجی سوار تھے۔انہو ںنے کہا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں ،پولیس اور فو ج کی مدد سے بچائو آپریشن شروع کیاگیاتاہم کھائی اتنی گہری تھی کہ ریسکیو آپریشن میں بھی وقت لگا اور کافی مشقت کے بعد گہری کھائی سے8لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ مزید دو اہلکاروںکو انتہائی نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔انہوںنے کہا کہ ہسپتال میں زخمی جوان کی حالت بھی انتہائی نازک بنی ہوئی ہے ۔اس دوران ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مہلوکین میں 2جونیئر کمیشنڈ آفیسران بھی شامل ہیں۔ذرائع نے کہا کہ فوج نے حادثہ کی وجہ جاننے کیلئے انکوائری شروع کردی ہے جبکہ پولیس نے بھی کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔