کنگن+بانہال// سونہ مرگ کے بالائی علاقوں میں تیسرے روز بھی ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔سرینگر لیہہ شاہراہ کو بعد دوپہر سے گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کردیا گیا ۔ جمعرات کو زوجیلا ،سونہ مرگ ، گگن گیر، منی مرگ، گمری اور پنجترنی میں دو انچ برف ریکارڑ کی گئی ۔ٹریفک پولیس نے بعد دوپہر 434کلو میٹر طویل سرینگر لیہہ شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے بند کردیا ۔ادھرضلع رام بن میں جمعرات کو دوسرے روز بھی ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور گزشتہ رات پہاڑی علاقوں اور بستیوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ بدھ کی رات اگرچہ مطلع صاف ہوگیا تھا تاہم رات کو اور صبح گیارہ بجے سے بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری رہا۔ ضلع رام بن میں مہو اور ترگام ، پتہالن وغیرہ کی بستیوں میں بھی دو سے تین انچ برفباری ہوئی جبکہ وادی چناب اورپیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پردوسرے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری ہوتی رہی۔ سرینگر شاہراہ تاہم کھلی رہی۔