عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//امورصارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت کے تحت محکمہ صارفین نے قانونی میٹرولوجی (گورنمنٹ سے منظور شدہ ٹیسٹ سینٹر) رولز 2013 میں کلیدی ترامیم کو مطلع کیا ہے، جو وزن اور پیمائش کیلئے ہندوستان کے تصدیقی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔نظرثانی شدہ لیگل میٹرولوجی ترمیمی رولز، 2025، ان آلات کے دائرہ کار کو بڑھاتا ہے جن کی تصدیق حکومت کے منظور شدہ ٹیسٹ سینٹرز کے ذریعے چند سے 18 زمروںتک ہوتی ہے، جس میں روزمرہ کی تجارت، صحت کی دیکھ بھال، ٹرانسپورٹ اور صنعت میں استعمال ہونے والے آلات کی ایک وسیع رینج کا احاطہ کیا جاتا ہے۔نئے شامل کئے گئے آلات میں واٹر میٹر، گیس میٹر اور انرجی میٹر سے لے کر اسفائیگمومانومیٹر، فلو میٹر، بریتھ اینالائزر اور گاڑیوں کے اسپیڈ میٹر تک شامل ہیں۔ توسیع حکومت کے تکنیکی ترقی کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے ارادے کی عکاسی کرتی ہے کہ پیمائش میں درستگی کا مطلب تجارت میں انصاف اور صارفین کیلئے تحفظ ہے۔