یو این آئی
میامی/ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹرمیامی کے ساتھ معاہدے میں توسیع کرلی ہے ۔امریکی کلب انٹر میامی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے معاہدے کے تحت میسی مزید تین برس تک انٹر میامی کے لیے کھیلیں گے ۔کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میسی کا تجربہ اور قیادت ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔میسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ انٹر میامی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنے پر خوش ہیں اور ٹیم کو مزید کامیابیاں دلانے کے لیے پُرعزم ہیں۔یاد رہے کہ میسی 2023 میں پیرس سینٹ جرمین کو چھوڑ کرانٹرمیامی میں شامل ہوئے تھے ۔2023 میں کلب میں شامل ہونے کے بعد سے ، میسی نے 71 گول اسکور کیے ہیں اور 82 میچوں میں 37 اسسٹ فراہم کیے ہیں، جس سے میامی کو 2023 لیگ کپ اور 2024 سپورٹرز شیلڈ جیتنے میں مدد ملی۔ ارجنٹائن کے ورلڈ کپ کے فاتح نے 29 گول کے ساتھ اس سال کا MLS گولڈن بوٹ جیتا اور وہ لیگ کے MVP ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے پانچ کھلاڑیوں میں سے ایک ہے ۔ انٹر میامی نے باقاعدہ سیزن کے اختتام پر MLS ایسٹرن کانفرنس میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فلوریڈا کی ٹیم جمعہ کو پلے آف کے پہلے راؤنڈ میں نیش ول سے کھیلے گی۔