سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے ناریاںعلاقے میں مقامی لوگوں نے جموں-راجوری-پونچھ نیشنل ہائی وے کو بند کر کے زبردست احتجاج درج کرایا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ ہائی وے کی اپگریڈیشن کا کام کر رہی ایجنسی مکمل لاپروائی برت رہی ہے، جس کے باعث حالیہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا۔مظاہرین کے مطابق، علاقے میں ناقص ڈرینیج نظام اور حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث بارش کا پانی نیچے موجود زرعی زمینوں میں رس رہا ہے، جس سے زمین کھسکنے لگی ہے اور کئی رہائشی مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو کچھ گھروں کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے، جس سے جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔مظاہرین نے ہائی وے کو ایک طویل وقت تک بند رکھا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں انتظامیہ کی مداخلت اور مقامی افسران کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا، اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔مقامی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی وے اپگریڈیشن کے دوران مناسب ڈرینیج نظام قائم کیا جائے، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔ اگر انتظامیہ نے فوری کارروائی نہ کی تو عوامی احتجاج دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔