عظمیٰ نیوز سروس
کٹرہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مہااشٹمی کے موقعہ پر کل شری ماتا ویشنودیوی مندر میں حاضری دی اور جموں وکشمیر یوٹی کے اَمن ، خوشحالی اور ترقی کے لئے دُعا کی ۔اُنہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی ویب سائٹ پر’’لائیو درشن سہولیت‘‘ اور’’ دو لسانی چیٹ بوٹ‘‘ کا آغاز کیا اور عقیدت مندوںکے لئے وقف کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے روپا پبلی کیشنز کی طرف سے ماتا ویشنو دیوی کی یاترا پر ایک یاترا گائیڈ بک ’’بھکتی کی شکتی ‘‘بھی جاری کیا۔لائیو درشن کی سہولیت شرائن بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.maavaishnodevi.org پر دستیاب ہے۔ یہ پہل شرائین بورڈ نے عقیدت مندوں کی وسیع تر سہولیت کے لئے کی ہے۔
اِس کے علاوہ یاتریوں کو مستند معلومات فراہم کر ے کے مقصد سے سرکاری ویب سائٹ کے لئے ایک دو لسانی اِستفساری چیٹ بوٹ ’ شکتی‘ تیار کیا گیا ہے جو یاتریوں سے موصول ہونے والے سوالات اور شکایات کو دور کرنے کے لئے چوبیسوں گھنٹے ٹول فری ہیلپ لائن کو بڑھاتا ہے۔ واضح رہے کہ کال سینٹر کی جانب سے ہرماہ زائد اَز20ہزار یاتریوں کو سہولیت فراہم کی جارہی ہے۔چیٹ بوٹ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی طرف سے فراہم کردہ خدمات اورسہولیات کے بارے میں تمام متعلقہ معلومات فراہم کرے گا اور یاتریوں کو اَپنے دورے کی پیشگی منصوبہ بندی کرنے کے لئے ضروری مدد فراہم کرے گا۔ اِس میں یاتریوں کی بیداری کے لئے ویڈیواورآڈیو مواد کی نشریات اورشرائین میں تازہ ترین اَپ ڈیٹس بھی شامل ہیں۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈانشل گرگ نے لیفٹیننٹ گورنر کو نوراتری کے دوران عقیدت مندوں کے لئے کئے گئے خصوصی اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پرپدم شری پروفیسر وشوا مورتی شاستری اور شرائین بورڈ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔