عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج راج بھون سرینگر میں سیاسی قائدین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور 3 جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ؛ بھاجپا کے ست شرما، ڈاکٹر نرمل سنگھ اور کویندر گپتا ، کانگریس کے شری تارا چند اور غلام احمد میر این سی شوکت احمد میر اور جگدیش سنگھ آزاد، سی پی آئی ایم کے محمد یوسف تاریگامی، پیپلز کانفرنس کے سجاد غنی لون، اپنی پارٹی کے سید محمد الطاف بخاری، پی ڈی پی التجا مفتی پی ڈی ایف کے حکیم محمد یاسین شاہ شریک ہوئے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے امرناتھ جی شرائن بورڈ، انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے یاترا کے محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا، بابا امرناتھ کے آشیرواد اور بنیادی سہولیات و خدمات میں نمایاں بہتری کے ساتھ، اس سال کی یاترا عقیدت مندوں کے لیے یادگار اور روحانی لحاظ سے بھرپور تجربہ ثابت ہوگی۔ یہ جموں و کشمیر کے لیے ایک نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر سیاسی قائدین سے موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کا خیرمقدم کیا اور ان سے امرناتھ یاترا کو مزید آسان، خوشگوار اور کامیاب بنانے کے لیے تعاون طلب کیا۔
انہوں نے کہا، تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما جموں و کشمیر کے خاندان کا حصہ ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ امرناتھ جی کی یاترا اس خاندان کی سماجی و ثقافتی ذمہ داری ہے۔ ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر عقیدت مند کا استقبال گرمجوشی سے کیا جائے اور یاترا کو کامیاب بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور تمام سینئر سیاسی قائدین نے اس مقدس یاترا کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا جموں و کشمیر کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے اور یہ خطے کی معیشت کے لیے بھی اہم ہے۔ اس مقدس یاترا کے پرامن اور کامیاب انعقاد کی ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ہے۔
سینئر رہنماؤں نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ عقیدت مندوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کریں اور یاترا میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز کا کردار ادا کریں۔
پہلگام دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی قائدین نے کہا کہ وادی کشمیر کے عوام نے سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر سڑکوں پر نکل کر دہشت گردی کے خلاف جو آواز بلند کی، اس سے دشمن کو واضح پیغام گیا کہ ہماری سماج میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کی سیاسی قائدین سے ملاقات، امرناتھ یاترا کی تیاریوں پر تبادلہ خیال
