عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سنیچر کو پہلگام اور چند واڑی یاترابیس کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد بال تل بیس کیمپ کا دورہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں، خدمات فراہم کرنے والوں اور عہدیداروں سے بات چیت کی اور یاترا سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ یاترا سیاحت، روزگار پیدا کرنے اور آمدنی میں اہم حصہ ڈال رہی ہے، انسانی جذبہ عظیم بلندیوں پر چڑھ رہا ہے، ثقافتی تنوع، فرقہ وارانہ ہم آہنگی مضبوط ہو رہی ہے اور جموں و کشمیر جدید اور ابدی کی علامت کے طور پر ابھر رہا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ مقدس سفر لوگوں کی زندگیوں میں خوشی لا رہا ہے اور مقامی امنگوں کو نئے بازو فراہم کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ، متعلقہ محکموں، ایس اے ایس بی، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے دوران، یاترا کی بقیہ مدت کے دوران بہترین خدمات کے لیے جوش و جذبے کو برقرار رکھنے، ہموار رابطہ کاری، موثر مواصلات، خدشات کا فوری جواب دینے اور یاتریوں سے آرا کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے لیے سیکورٹی انتظامات، ہیلی آپریشنز، سہولیات جیسے رہائش، خوراک، رابطے، نقل و حمل، بجلی اور پانی کی فراہمی، صفائی، صحت، فائر ٹینڈرز کی دستیابی، پارکنگ کی سہولیات، بیداری اور آئی ای سی پروگراموں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں راستے میں باڑ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور اہم نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ موبائل ٹیسٹنگ وین کے ذریعے کھانے کے معیار کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال اور موسمی حالات کے پیش نظر محکموں، پولیس، سیکورٹی فورسز، ہیلتھ اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کی تیاری سے متعلق بھی جانکاری حاصل کی گئی۔۔
ڈاکٹر راگھو لنگر، سکریٹری، پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ایس شیامبیر، ڈپٹی کمشنر گاندربل نے لیفٹیننٹ گورنر کو بال تل پر یاترا کے انتظامات سے آگاہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ٹٹو والوں، دکانوں کے مالکان، خیمہ فراہم کرنے والوں، لنگر تنظیموں اور این جی اوز کے نمائندوں پر مشتمل وفود سے بات چیت کی۔انہوں نے خدمت فراہم کرنے والوں، این جی اوز، رضاکاروں کی لگن اور عزم کو سراہا اور یاترا کی روحانی روایت کو تقویت دینے اور یاتریوں کو ناقابل بیان خوشی دلانے میں ان کے انمول تعاون کی تعریف کی۔انہوں نیامرناتھ کے عقیدت مندوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں سے تجاویز بھی طلب کیں۔بیس کیمپ میں، لیفٹیننٹ گورنر نے ماحول دوست، پائیدار لنگر کا دورہ کیا جو محکمہ دیہی ترقی کی کوششوں سے سواہا ریسورس مینجمنٹ کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔انہوں نے سی آر پی ایف کی طرف سے لگائے گئے لنگر کا بھی افتتاح کیا، یاتریوں میں جوٹ کے تھیلے اور ورمی کمپوسٹ کے تھیلے تقسیم کئے۔ جے اینڈ کے بینک کے زیر اہتمام جیکٹس بھی لیفٹیننٹ گورنر نے خدمات فراہم کرنے والوں میں تقسیم کیں۔