عظمیٰ نیوز سروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر ملک کے تعلیمی ماحولیاتی نظام میں اصلاحات کی قیادت کر رہا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا’’تخلیقی بنو، کچھ نیا کرکے دکھا ئو‘‘ کا عزم لیکر آگے بڑھیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’جموں و کشمیر یو ٹی اَپنے طلباء کو بہترین نصاب فراہم کرنے اور اُنہیں دُنیا کے بہترین لوگوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے علم اورہنر فراہم کرنے کے مقصد سے اعلیٰ تعلیم میں اِصلاحات کے لئے پُرعزم ہے تاکہ وہ دنیا کی بہترین تعلیم سے مقابلہ کر سکیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج’ جموں و کشمیر کے تعلیمی منتظمین اور کالجوں کے پرنسپلوں قائدانہ ترقی‘ کے موضوع پر تین روزہ صلاحیت سازی پروگرام کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے خطاب میںان اِجتماعی کوششوں کی ستائش کی جس میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 ء کی عمل آوری اور اعلیٰ تعلیم کو بین الاقوامی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔اُنہوںنے تعلیمی اِداروں پر زور دیا کہ وہ اَپنے کیمپس کو ہنرمندی کی ترقی اور اختراع کے مرکز میں تبدیل کریں اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کی لامحدود صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اَپنا اہم کردار ادا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ آئیڈ یاز نئی دولت اور یونیورسٹیوں کو دانشورانہ املاک بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اِداروں کو طلباء کی تخلیقی ، اِختراعی اور مثبت سماجی تبدیلی لانے کے پروگرام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے مستقبل پر مبنی تعلیم کے لئے ایک مضبوط بنیاد بنانے کے لئے پانچ مقاصد اور ویژن پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ کلاس روموں کو تخیل کے قابل ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اکیسویںصدی میں ترقی کرنے کے لئے تعلیمی اِداروںکی توجہ تدریس نہیں بلکہ رہنمائی ہونی چاہئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعلیم نصاب کے بجائے تخلیقی صلاحیتوں سے چلنی چاہیے۔ یہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے بارے میں ہونا چاہئے۔ یہ زیادہ مسابقتی معیشت کا بنیادی ذریعہ ہونا چاہئے اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی اداروں کو بھی اس ماڈل کی پیروی کرنی چاہیے۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اساتذہ کمیونٹی، طلباء اور تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کوایک علمی معیشت کے طور پر قائم کرنے کے عزم کے ساتھ کام کریں اور وِکست بھارت 2047 کے ویژن میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے تعلیمی اِداروں میں غیر ملکی طلباء کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔