عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ابھینو تھیٹر جموں میں جموں وکشمیر سِنے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’توی فلم اُتسوا‘‘ کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میںمنتظمین، شرکت کرنے والے فلم سازوںاور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے مختصر فلم فیسٹول سے جُڑے تمام اَفراد کو مُبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے کہا،’’سینما تعلیم کا ایک مؤثراور معاشرتی تبدیلی کا طاقتور ذریعہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارا مقامی ٹیلنٹ ،تفریح اور سماجی ذمہ داری کے درمیان توازن برقراررکھیں اور اس طاقتور میڈیم کو معاشرتی فوائد اور سماجی تبدیلی کے لئے استعمال کریں‘‘۔منوج سِنہا نے جموں و کشمیر میں حکومت کی طرف سے متعارف کردہ ترقی پسند فلم پالیسی اور فلمی صنعت کو فروغ دینے کے لئے کئے گئے اہم اَقدامات پر بات کی۔اُنہوں نے کہا،’’آج مجھے فخر ہے کہ جموں و کشمیر نے فلم سازی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں امن و ترقی کی ہماری کوششوں نے جموں و کشمیر کو ہندی، علاقائی اور غیر ملکی فلموں کی شوٹنگ کے لئے ایک پُرکشش مقام بنا یا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ تکنیکی ترقی نے مقامی اُبھرتے ہوئے فلم سازوں، اَداکاروں اور سنیما کے مختلف شعبوں میں پیشہ ور اَفراد کو اپنی متنوع ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرنے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے فلم سازوں اور فن کاروں پر زور دیا کہ وہ اَپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے سماجی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور مثبت تبدیلی کو فروغ دیں۔منوج سِنہا نے کہا، ’’تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ یہ سماجی تبدیلی کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ میں نے معاشرے پر مختلف تخلیقی انواع کے گہرے اثرات دیکھے ہیںلیکن سینما کا اثر سب سے نمایاں ہے جس نے کئی سماجی برائیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں مدد کی ہے ۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان معاشرے سے منشیات کی لت جیسی معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کے لئے اس تخلیقی صلاحیت کو پروان چڑھائیں اور تخلیقی صلاحیتوں کو اچھے کاموں کے لئے استعمال کریں جو دوسروں کی زندگی کو بہتر بنائے۔ حکومت بھی پسماندہ طبقات تک پہنچنے اور ان کی باعزت زندگی کو یقینی بنانے کے لئے نوجوانوں کی مدد چاہتی ہے۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے’’ توی فلم اُتسو‘‘ کا بروشر بھی جاری کیا۔ اُنہوں نے کلچرل اکیڈیمی کی آرٹ اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے، ڈائریکٹر اِنفارمیشن نتیش راجور، سیکرٹری کلچر اکیڈیمی ہرویندر کور، صدرجموںوکشمیرسِنے ایسوسی ایشن دھرمیندر کوہلی، سینئر حکام، معروف فن کار، فلم ساز، جموں وکشمیر سِنے ایسوسی ایشن کے ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے IGNOU ریجنل سنٹر جموں کا پروفائل جاری کیا
کئی وفود بھی ملاقی ،پیش کردہ مسائل پر مناسب کارروائی کی یقین دہانی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج راج بھون میں IGNOU ریجنل سنٹر جموں کا پروفائل ’’ایک نظر میں IGNOU ریجنل سنٹر جموں: 2024-25‘‘ کے عنوان سے جاری کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے IGNOU ریجنل سنٹر جموں کی انتظامیہ اور عملے کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پروفائل 2024-25 میں IGNOU کے علاقائی مرکز جموں میں انجام پانے والی سرگرمیوں اور واقعات کی ایک سیریز کا مجموعہ ہے۔ اس میں IGNOU کے علاقائی مرکز کی کامیابیوں اور کوششوں کو اجاگر کیا گیا ہے جس میں “دروازے پر تعلیم” کے مینڈیٹ کو خطے کے دور دراز کونوں تک لے جایا گیا ہے۔شری شانت مانو، ایڈیشنل چیف سکریٹری، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ؛ ڈاکٹر سندیپ گپتا، ریجنل ڈائریکٹر، IGNOU ریجنل سینٹر جموں؛ ڈاکٹر آشا اپادھیائے، اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر اور شری دارا سنگھ، اسسٹنٹ رجسٹرار موجود تھے۔اس دوران ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (TISS) کے ذریعے نیشنل کمیشن فار ویمن کے تعاون سے نافذ تشدد سے پاک گھر – ایک عورت کے حق کے اقدام کے تحت قائم کیے گئے خصوصی سیل برائے خواتین کے نمائندوں نےلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور جموں کشمیرمیں سی یو ٹی کی خصوصی مداخلت کی خواہش کی۔سری برہمن سبھا کٹھوعہ کے ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں کٹھوعہ میں ڈگری کالج کے قریب بھگوان شری پرشورام جی چوک کی خوبصورتی اور ترقی سے متعلق مسئلہ سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل کے ازالے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے گی۔اس کے بعد وندنا کماری، سابق سرپنچ، فلورا ناگبانی جموں اور پروین سود، صدر، سکیمو انڈیا (ایک سکی کوہ پیمائی اسپورٹس پروموشن فیڈریشن) نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔
Package
منوج سنہا کا بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو خراج عقیدت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شہید دیوس کے موقع پر نڈر انقلابیوں بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا: ‘بھارت ماتا کے ان عظیم سپوتوں کی غیر متزلزل جرات، حب الوطنی اور عظیم قربانی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی’۔واضح رہے کہ ہندوستان میں ہر سال 23 مارچ کو شہید دیوس کے طور پپر منایا جاتا ہے ۔ یہ دن 23 مارچ 1931 کو بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھ دیو کو برطانوی دور حکومت میں پھانسی دئے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔منوج سنہا نے اس دن کی منابست سے اتوار کو ‘ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں شہید دیوس پر نڈر انقلابیوں اور بھارت ماتا کے عظیم بیٹوں بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں’۔انہوں نے پوسٹ میں مزید کہا: ‘ان کی غیر متزلزل جرات، حب الوطنی اور عظیم قربانی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی’۔