یو این آئی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیر کے کسانوں کے لئے پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم کسان)سکیم کی 21ویں قسط کی پیشگی واگذاری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان فلاح و بہبود شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 171کروڑ روپئے جموں و کشمیر کے تقریباً8.55لاکھ مستحق کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہ راست منتقل کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی ضروری مالی امداد ہمارے کسانوں کو اپنی روزی روٹی بر قرار رکھنے اور زرعی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے تیزی سے بہتری لانے میں مدد فراہم کرے گی۔ادھر زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن محکمہ کے وزیر جاوید احمد ڈار نے پی ایم کسان سمان ندھی کی 21ویں قسط کی پیشگی ریلیز پر ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔جاوید ڈار نے کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی کی 21ویں قسط کا اجرا کسانوں کو مالی امداد فراہم کرنے اور جموں و کشمیر میں زرعی ترقی کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی رہنمائی میں محکمہ زراعت اور مرکزی حکومت کے درمیان قریبی تال میل کا ثبوت ہے۔