عظمیٰ نیوزسروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےگورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا اور اُنہوں نے چسوتی سیلاب میں زخمی ہوئے شہریوں کی خیریت و عافیت دریافت کی۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کے لئے علاج معالجے اور مربوط نگہداشت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہیںبتایا گیا کہ اِس وقت 16اَفراد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج ہیں اور سینئر طبی عملہ ان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ’’فی الحال یہاں 16افراد داخل ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر گھروں کو لوٹیں گے۔ بدقسمتی سے کئی لوگوں نے اس واقعے میں جانیں گنوائیں، اور تمام تر کوششوں کے باوجود کئی لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ابھی بھی 32افراد لاپتہ ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تقریباً 4کروڑ 13لاکھ روپے بطور امداد پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں‘‘۔منوج سنہا نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کو مکمل سہارا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا،’’اس سانحہ سے متاثرہ افراد کیلئے حکومت ہند اور جموں و کشمیر انتظامیہ ان کی بازآبادکاری اور فلاح کیلئے پوری طرح پرعزم ہے‘‘۔اُنہوں نے کہا’’حکومت ان سوگوارکنبوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے جنہوں نے اَپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ مرکزی حکومت اور جموں وکشمیر اِنتظامیہ راحت اور بچاؤ کے ساتھ ساتھ آفاتِ سماوی سے متاثرہ کنبوں کی فوری بحالی کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے۔ اس سانحہ میں لاپتہ اَفراد کی تلاش اور بچاؤ کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں‘‘۔ جموں و کشمیر میں جاری موسلادار بارشوں پر بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ مشورے جاری کیے گئے ہیں اور عوام سے محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا’’زیادہ تر علاقوں میں بھاری بارش ہو رہی ہے۔ اس طرح کے موسمی نظام پورے ملک میں دیکھنے کو مل رہے ہیں اور جموں و کشمیر میں بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔ مجھے امید ہے کہ کوئی بڑا حادثہ پیش نہ آئے‘‘۔
بھلا کی قیادت میں کانگریس ٹیم چسوتی سانحہ کے متاثرہ خاندانوں کا دورہ
مستقبل کی یاترا کیلئے فوری اقدام تجویز کرنے اعلیٰ اختیاراتی ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ورکنگ صدر رمن بھلا کی قیادت میں کانگریس کے سینئر لیڈروں نے جموں کے مختلف علاقوں میں چسوتی کشتواڑ سانحہ کے متاثرین کے غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور جانوں کے ضیاع اور لاپتہ کنبہ کے افراد پر ان کے غم اور تشویش کا اظہار کیا۔بھینگھڑ میران صاحب کے منگل داس نے خاندان اور رشتہ داروں کے آٹھ افراد کو کھو دیا ہے، جن میں سے سات ابھی تک لاپتہ ہیں۔ کانگریس قائدین نے پارٹی کی جانب سے گہرے صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کو سکون کی دعا کی۔انہوں نے حکام پر دباؤ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی کہ لاپتہ افراد کی تلاش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور لواحقین کو تسلی دی جائے گی۔کانگریس قائدین نے متاثرہ خاندانوں کو بتایا کہ انتظامیہ اور دیگر سماجی رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد لاپتہ افراد کا سراغ لگانے اور راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مدد فراہم کرنے کے کام پر لگی ہوئی ہے۔ بھلا نے کہا کہ بچاؤ کی کارروائیاں ختم ہونے کے بعد، ایک اعلیٰ طاقت یافتہ ماہر ٹیم تشکیل دی جانی چاہیے جو یاترا کے انعقاد اور انتظام میں بہتری کی تجویز کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی تکرار کو روکا جا سکے اور یاترا کو ہموار اور پریشانی سے پاک کیا جا سکے۔ آنے والے وقتوں میں یاتریوںکے لیے تمام ضروری سہولیات پیدا کی جائیں۔
کانگریس وفد کی جانب سے چسوتی سانحہ کے متاثرین میں ریلیف تقسیم
عظمیٰ نیوزسروس
پاڈر(کشتواڑ)//چسوتی پاڈرمیں حالیہ بادل پھٹنے کے سانحے کے بعد متاثرین کو کانگریس پارٹی کی جانب سے ریلیف تقسیم کیا گیا۔ مقامی و سینئر قیادت نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کے لئے ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ریلیف کے اس سامان کو جموں و کشمیر کانگریس کے سینئر لیڈران جی ایم سروڑی اور غلام حیدر شیخ نے فراہم کیا تھا، جسے باضابطہ طور پر متاثرہ افراد تک پہنچایا گیا۔ اس موقع پر کانگریس لیڈران نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان مشکل حالات میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔کانگریس وفد نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ متاثرہ مکانات کی تعمیر ِ نو اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومت کو بھی چاہیے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لئے معاوضہ اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ لوگ دوبارہ اپنی معمول کی زندگی شروع کر سکیں۔متاثرہ عوام نے کانگریس قیادت کی اس پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی۔