عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے 10,637کروڑ روپے مالیت کے 19 بڑے سڑکوں اور ٹنلوں منصوبوں کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری کا شکریہ اَدا کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ کئی سٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبے ہیں جو لاجسٹک سپورٹ، فوجی آواجاہی، سیاحتی مقامات تک بہتر رسائی اور خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دیں گے، نیز ٹنلوں کی تعمیر سے سفر کا وقت کم ہوگا اور ہر موسم میں رابطہ ممکن ہو سکے گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے 10,637کروڑ روپے کے سڑک اور ٹنل پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ عبداللہ نے اپنے پرسنل ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا”ایک بڑی کامیابی میں، میری حکومت میں 10,600 کروڑ روپے مالیت کے سڑک اور سرنگ کے منصوبے مرکزی حکومت سے منظور ہوئے ہیں۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کا ان کی مسلسل حمایت کے لئے شکر گزار ہوں کیونکہ ہم یوٹیکو ترقی اور رابطے کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،”۔ عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت ان اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز منسٹری کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کرے گی۔