عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے سی آر پی ایف کو پلوامہ ضلع میں گروپ سینٹر سی آر پی ایف لیتہ پورہ (آر ٹی سی سرینگر)میں واقع 100 میٹر بافل فائرنگ رینج میں وقفہ وقفہ سے فیلڈ فائرنگ کی مشق کرنے کا اختیار دیا ہے۔ منویورز، فیلڈ فائرنگ اور آرٹلری پریکٹس ایکٹ، 1938 کے تحت دی گئی منظوری، تمام قانونی شرائط کی سختی سے تعمیل کے ساتھ، نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے 10 سال تک کارآمد رہے گی۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اجازت فوجی مشقوں، میدانی فائرنگ اور توپ خانے کی مشق کے قانون، 1938مجریہ کی دفعہ 9 کی ذیلی شق (2) کے تحت دی گئی ہے۔ مذکورہ علاقے کو پہلے ہی نوٹیفکیشن نمبر S.O-547 محرر 26 نومبر 2024 کے ذریعے’’ 100 میٹر بیفل فائرنگ رینج‘‘ کے طور پر مطلع کیا گیاہے۔نئے نوٹیفکیشن S.O-193 کے مطابق، یہ مشقیں سخت قانونی ضوابط کی تعمیل کے ساتھ انجام دی جائیں گی اور ان کا اطلاق نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے آئندہ دس برسوں تک رہے گا۔