وزیر اعظم، لیفٹیننٹ گورنر اور ڈائریکٹر جنرل پولیس کا مہلوک فورسز اہلکاروں کوخراج عقیدت
سرینگر// لیتہ پورہ ( پلوامہ) میں 5برس قبل ملی ٹینٹ خود کش حملہ میں ہلاک ہوئے سی آر پی ایف کے 40اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ وزیر اعظم، وزیر داخلہ ، لیفٹیننٹ گورنر اور ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ مہلوک جوانوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے X پر اپنی پوسٹ میں کہا ’’ میں پلوامہ کے بہادر ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،ہماری قوم کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘‘۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا’’میں پلوامہ کے بہادر شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہماری مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
قوم ہمیشہ ہمارے بہادروں کی مقروض رہے گی‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی سی آر پی ایف کے 40 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 2019 میں اس دن پلوامہ ضلع میں ایک دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوائیں۔سنہا نے X پر لکھا”ان بہادروں کو عاجزانہ خراج عقیدت جنہوں نے 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں قربان کیں، قوم ان کی مثالی ہمت، اعلی قربانی اور مادر وطن کے لیے بے لوث خدمات کی ہمیشہ مقروض رہے گی‘‘ ۔جموں و کشمیر پولیس پریوار کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوین نے بدھ کو ان بہادروں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں حتمی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں نقش رہیں گی۔ پولیس نے ڈی جی پی سوین کے حوالے سے کہا کہ “سی آر پی ایف اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں نقش رہیں گی۔ جیسا کہ ہم ان ہیروز کو یاد کرتے ہیں، آئیے امن کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں،” ۔