سرینگر/لیتہ پورہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، ،مشترکہ مزاحمتی قیادت نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے لوگوں اور قیادت کو یہاں کی سر زمین پر ہونے والی ہر ہلاکت پر افسوس ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا''چونکہ یہاں کے لوگ روز اپنے پیاروں کے جنازوں کو کاندھا دیتے آرہے ہیں اس لئے ہر مرنے والے کے خاندان کا دکھ درد سمجھ سکتے ہیں۔''
انہوں نے کہا '' کشمیر تنازع کے حل میں تاخیر، جموں کشمیر کے لوگوں کی خواہشات سمجھنے سے انکار اور یہاں کے لوگوں کیخلاف طاقت کا استعمال عمل میں لاکر ایک سیاسی مسئلے کوفوجی رنگ دینے سے وادی کشمیر میں خاص کر صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے اور ہماری نئی نسل اس کا شکار ہورہی ہے۔ جو بھارت کی پالیسی کو یہاں نافذ کرنے کیلئے تعینات ہیں ، اُنہیں بھی اس کی قیمت اپنی زندگیوں سے چکانی پڑ رہی ہے''۔
قیادت نے مزید کہا کہ فوجی قوت کا استعمال، فورسز آپریشن، گولیاں اور پیلٹ چلانا، لوگوں کو اندھا بنانا، سیفٹی ایکٹ اور ٹارچر کے ذریعے یہاں کے لوگوں کے سیاسی جذبات کو کچلنا، نہ صرف ناکام ہوا ہے بلکہ اس سے صورتحال بہت خراب ہوئی ہے''۔
قیادت نے کہا کہ اگر یہاں جاری خوان خرابہ روکنا ہے، ہلاکتیں اور جوابی ہلاکتوں پر قابو پانا ہے تو اس کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ یہ کہ مسئلہ کشمیر کو یہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔