ٹی ای این
سرینگر//وادی کی اہم تجارتی تنظیموں نے سمارٹ سٹی بازاروں میں ’لازمی بند دن‘‘ کے اطلاق کے معاملے پر کمشنر لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں تاجروں پر اس آرڈر سے پڑنے والے اثرات کے بارے میں آگاہ کیا ۔تاجر نمائندوں نے محکمہ لیبر سے اس آرڈر میں ضروری تبدیلی اور مجوزہ حکم نامے پر نظرثانی کے لیے مزید 10 دن کا وقت فراہم کرنے کا مطالبہ سامنے رکھا ۔ میٹنگ میں ا سسٹنٹ کمشنرسرینگر ڈاکٹر عدنان طارق، کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن،جموں اینڈ کشمیر بزنس کنفیڈریشن، سٹی ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز، فیڈریشن، دی جوائنٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سمیت مختلف انجمنوں کے تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ شہر کے مرکزلال چوک، بیوپار منڈل مہاراجہ گنگ، ٹریڈرس اسوسی ایشن کوکربازار، ٹریڈرس اسوسی ایشن سٹی سنٹر لالچوک، ٹریڈرس اسوسی ایشن باربرشاہ نئی سڑک کے علاوہ دیگر بازاروں کے نمائندے شریک رہے ۔اجلاس کے دوران، نمائندوں نے مجوزہ حکم نامے پر نظرثانی کے لئے مزید 10 دن کی درخواست کی۔ لیبر کمشنر نے 10 دن کی مدت پر اتفاق کیا جس کے دوران محکمہ لیبر اس حکم پر عمل درآمد نہیں کرے گا۔