کٹھوعہ//پیر کے روز لکھن پور بنی سڑک کی خستہ حالی کے خلاف لوگوں نے زور دار مظاہرہ کیا۔ انتظامیہ اور مقامی ممبر اسمبلی و وزیر چودھری لال سنگھ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے انہوں نے اس سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک کی آمد ورفت بھی بند کر دی۔ اس موقعہ پر سابق سرپنچ پون سنگھ نے کہا کہ لکھن پور سے بنی کی جانب 3کلو میٹر سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے عام لوگوں کو آئے دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اگر چہ عوام نے کئی دفعہ اس حوالہ سے متعلقہ حکام کو مطلع کیا تاہم سڑک کی حالت سدھارنے کے لئے کوئی پیش رفت نہیں لائی گئی۔ لوگوں کو اس سڑک سے اڑتے گرد و غبار کاشکار ہونا پڑتا ہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال سے اس سڑک کی مرمت کے لئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں بالخصوص اسکولی بچوں کو آنے جانے میں دقت پیش آتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی بارش ہوتی ہے تو اس سڑک کے زیر آب آنے سے یہ تالاب کا منظر پیش کرتی ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ، متعلقہ حکام اور مقامی ممبر اسمبلی سے رابطہ قائم کیا لیکن انہیں صرف یقین دہانی ہی ملی۔ ما بعدتحصیلدار کٹھوعہ کی قیادت میں افسران کی ایک ٹیم جائے احتجاج پر آئی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ 21دن کے اندر سڑک کی حالت بہتر بنانے کے لئے قدم اٹھائے جائیں گے جس کے بعد مظاہرین پر امن ہو ئے۔