عظمیٰ نیوز ڈیسک
لکھنو// اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو میں کانگریس کارکن پربھات پانڈے کی پراسرار موت کے معاملے میں پولیس نے ایف آئی آر درج کر لیا ہے۔ یہ واقع اس وقت پیش آیا جب کانگریس نے ریاستی اسمبلی کا گھیرا ئوکیا تھا اور اس دوران پربھات پانڈے کی موت ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات شروع کر دی ہے اور ایف آئی آر کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پربھات پانڈے کے چچا منیش پانڈے نے حسین گنج تھانے میں ایک مقدمہ درج کراتے ہوئے کہا کہ ان کے بھتیجے کی موت کسی بیماری یا قدرتی وجوہات سے نہیں ہوئی بلکہ اس کے ساتھ کوئی غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے اس کو قتل کا الزام عائد کیا۔ منیش نے یہ بھی بتایا کہ 18دسمبر کی شام کو انہیں کانگریس دفتر سے اطلاع ملی کہ ان کا بھتیجا بے ہوش حالت میں پڑا ہوا ہے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا۔