سرینگر//پولیس نے حبہ کدل میں مبینہ طور پر گیسو تراشی کا شکار ہوئی لڑکی کو زندہ اور محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ لڑکی کی موت کی افوہ پھیلانے والے شخص کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ افواہ باز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ شخص نے حبہ کدل میں ایک لڑکی کی مبینہ چوٹی کاٹنے کے بعد اس کی موت کی خبر پھیلائی تھی ۔پولیس بیان میں کہا گیا’’حبہ کدل سرینگر سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی مبینہ گیسو تراشی کے بعد5بجکر48منٹ پر اس کی موت کی افواہ پھیلائی گئی،جو جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی‘‘۔بیان میں کہا گیا کہ اس خبر کی وجہ سے بیشتر لوگوں میں عدم تحفظ اور خوف ہ ہراس کی لہر پھیل گیا۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ لوگ جذباتی ہوگئے اور انہوں نے فورسز تنصیبات اور گاڑیوں پرپتھرائو شروع کیاتاہم پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی اور خبر کی حقیقت کو جاننے کی کوشش کی،جس کے دوران معلوم ہوا کہ یہ منصوبہ بند افواہ تھی تاکہ سیول ایجی ٹیشن کیلئے مواد مل سکے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ جھوٹی خبر پھیلانے والے افواہ باز کی نشاندہی کی گئی اور صفاکدل پولیس نے مذکورہ نوجوان کو آرم پورہ نواکدل سے گرفتار کیا۔