سرنکوٹ // محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے کئی سال قبل لٹھونگ۔ پمروٹ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا جو پہلے تو سست روی کا شکار رہا اور پھر اچانک بند کردیا گیا ۔اس سڑک کی تعمیرکے دوران زمینوں اور پہاڑوں کی کٹائی کی گئی جو مقامی لوگوں کی زمینوں اور مکانات کیلئے نقصان کا سبب بن رہی ہے ۔ حالیہ بارشوں کے دوران بھی سڑک کے ساتھ کے مکانوں اور زمینوں کو نقصان پہنچا ۔مقامی نوجوان سکندر حیات نے کہا کہ اس سڑک کا کام چھ سال کیا گیا تھا لیکن اس کو ادھوراچھوڑ دیاگیااور اب بارشوں سے زمینیں اورمکانات تبا ہ ہورہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ اس سڑک کی زد میں آکر گاؤں کلرکٹل، پمروٹ ،نڈیالی اور لٹھونگ کے لوگوں کی زمینیں اور مکانات تباہ ہورہے ہیںاور ساتھ ہی قیمتی درختوں کو بھی نقصان پہنچ رہاہے ۔سکندر حیات نے کہاکہ کھدائی کی وجہ سے زمین کھسکتی جارہی ہے اور آنے والے دنوں میں لوگ مزید نقصان سے دوچار ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے ممبر اسمبلی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کو بھی اپنے ووٹران کی کوئی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مقامی عوام کو اپنے لیڈران کی ضرورت ہے جو خواب غفلت میں سوئے ہوئے ہیں۔مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر سے اس سڑک کی تعمیر کرنے کی اپیل کی ہے ۔ رابطہ کرنے پر اے ای ای محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کام محالف سمت سے چل رہا ہے جس کا زمینی کام کافی حد تک ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک چھ کلومیڑپر مشتمل ہے جس میں چار کلو میٹر تک کام مکمل ہو اہے اور باقی دو کلو میٹر سڑک بھی جلد مکمل کی جائے گی۔اے ای ای کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوئی لیکن اسے بہت جلد مکمل کرلیاجائے گا۔