عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈپٹی کمشنر سچن کمار ویشیا نے ضلع میں ڈینگی کی روک تھام اور تخفیف کے اقدامات کا جائزہ لینے اور نگرانی کرنے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ڈی سی نے ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرنے اور مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے معلومات، تعلیم اور مواصلاتی مہم کے ذریعے آگاہی پھیلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈینگی کے موجودہ کیسوں کے علاج اور انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صورتحال اس وقت قابو میں ہے۔متعلقہ افسران نے ڈی سی کو کیسوں کی شناخت کے لیے گھر گھر سروے کیے جانے کے بارے میں بتایا، جس میں اب تک تقریباً 1لاکھ گھروں کا دورہ کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں اور ڈائیگناسٹک لیبارٹریوںکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیسوں کی کڑی نگرانی کریں اور ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔ڈی سی نے عوام سے اپیل کی کہ ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ہسپتال پہنچیں اور خود دوائی لینے سے گریز کریں۔