انتظامیہ سے سڑک پر تار کول بچھانے کی اپیل
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تحصیل درہال کے علاقے اوجہان سے ریکی باں اور اوجہان ملہت ڈوڈاج رابطہ سڑک جگہ جگہ سے کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس روڈ پر پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے بمشکل ایک گاڑی چل سکتی ہے ساتھ ہی دن بھر لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس کی تعمیر و مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دئیے جانے سے نہ صرف راہگیروں، مقامی باشندوں بلکہ دکانداروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بنک سے قرض لے کر گاڑیاں خریدیں تھی لیکن سڑک کی بری حالت ہونے کی وجہ سے لوگوں کی گاڑیاں بری ٹوٹ چکی ہیں اور اب وہ بینکوں کی قسطیں ادا کرنے سے بھی مجبور ہیں ساتھ ہی سڑک کے کناروں پر تعمیراتی مواد بھی راہگیروں کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔ مکینوں نے بتایا کہ جگہ جگہ پر سڑک کے بالکل بیچوں بیچ ریت اور بجری کے ڈھیر اور دیگر مواد پڑا رہتا ہے اور ڈرینج سسٹم بھی لوگوں نے بند کیا ہوا ہے جسکی وجہ سے بالخصوص یہ سڑک اور بالعموم وادی درہال کی تقریباً تمام سڑکوں کا حال بے حال ہے۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوتھ پریزیڈنٹ اور سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے میڈیا کو بتایا کہ متعدد مرتبہ انھوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے کہ لیکن تاحال اس پہ کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں اکثر لوگ روزانہ سفر کرتے ہیں تاہم تعمیراتی میٹریل موجود ہونے کی وجہ سے عوام کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مرتضیٰ مرزا نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ چوہدری ناڑ ملہت ڈوڈاج رابطہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے نیز ایتی تا کسیاں سڑک پر بھی کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک پر سے تعمیراتی مٹریل ہٹانے کے لئے ضروری کاروائی کی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔