اننت ناگ //پی ڈی پی امیدوار تصدق مفتی نے کاغزات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن میں مقابلہ آرائی کیلئے تیار ہیں تاہم انکے لئے انتخابات کے بعد حقیقی چیلنج سامنے ہوگا۔تصدق مفتی نے کہا’’ میرے لئے لوگوں کے احساسات اور امیدوں کو پورا کرنا حقیقی چیلنج ہوگا اور یہ کام انتخابی عمل کے پورا ہونے کے بعد ہی شروع ہوگا‘‘۔اُن کا کہنا تھا کہ انتخابی دوڑ میں شامل ہونے سے کہیں زیادہ میرے لئے یہ بات اصل چیلنج ہے کہ انتخابات کاعمل مکمل ہونے کے بعد میں اپنے عوام کے توقعات کو کیسے پورا کر پاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد مرحوم مفتی محمد سعید کی طرح اپنے عوام کی خواہشات کی تکمیل اور امیدوں پر کھرا اُترنا چاہتا ہوں اور یہی میرے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ مفتی تصدق کا مزید کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی عوام کے مفادات کا تحفظ انکی اولین ترجیح ہوگی کیونکہ پارٹی کی اولین ترجیحات میں بھی یہی باتیں شامل ہیں۔