لوگوں کو مودی حکومت کی پالیسیوں پرپورا اعتماد :ترون چگ پارٹی کارکن آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے محنت ولگن سے کام کریں :رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //بھاجپا کے نیشنل جنرل سیکر یٹری ترون چگ نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی سے صاف ظاہر ہے کہ لوگوں کو مودی حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے ۔موصوف نے پارٹی کے جموں وکشمیر اکائی کے صدر روینہ رینہ ،آشیش سود، سہ پرابھاری جموں و کشمیر، اشوک کول، جنرل سکریٹری (تنظیم)، جموں و کشمیر، سنیل شرما اور ڈاکٹر دیویندر کمار منیال جنرل سکریٹری کے ساتھ نے پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں کئی میٹنگوں سے خطاب کیا۔دن بھر کے شیڈول کے دوران ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی اور جے ایم سی کونسلرز اور کور گروپ کی الگ الگ میٹنگیں ہوئیں۔ترون چْگ نے میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے لیڈروں اور کیڈر کو پارلیمنٹ کی دونوں سیٹوں پر مسلسل تیسری بار جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان انتخابات کے دوران اور اس سے قبل اپنی محنت کے لئے ہر طرح کی تعریف کے مستحق ہیں جس کے نتیجے میں بی جے پی کی پالیسیوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مضبوط اعتماد پیدا ہوا اور اس کے نتیجے میں مودی حکومت کی جیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں ہندوستان نے تمام ممالک کے درمیان مرکزی مقام حاصل کر لیا ہے۔چگ نے اس پارلیمانی انتخابات کے دوران عام لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے کانگریس کی گمراہ کن مہم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس نے اپنے آغاز سے ہی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔رویندر رینہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے انتخابات میں داخل ہوتے ہوئے اس انتخاب کے جوش و جذبے اور رفتار کو مزید بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میٹنگ میں موجود سینئر پارٹی رہنماؤں کی طرف سے اٹھائے گئے تمام تجاویز اور مختلف مسائل کو نوٹ کرے گی اور یقین دلایا کہ پارٹی رہنماؤں کی طرف سے دی گئی تمام تجاویز پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں کو چائیے کہ وہ آئندہ انتخابات کیلئے محنت اور لگن کیساتھ کام کریں ۔آشیش سود نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام نے مودی حکومت کو مسلسل تیسری بار منتخب کیا ہے جو خود اس حکومت پر لوگوں کا اعتماد ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بغیر کسی تعصب کے ہندوستانی سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے مسلسل کام کیا ہے اور ان لوگوں تک رسائی حاصل کی ہے، جنہیں کئی دہائیوں سے ایک ساتھ نظر انداز کیا گیا تھا۔